اسلام آباد: Jazz اور VEON نے پاکستان میں فائیو جی سروسز کے آغاز اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی توسیع کیلئے تین سال میں ایک ارب ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان کر دیا۔
یہ اعلان وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا گیا، جس میں جاز کے سی ای او عامر ابراہیم اور ویون گروپ کے سی ای او کان تَرزِی اوغلو نے ڈیجیٹل تبدیلی، مالی شمولیت اور جدید کنیکٹیویٹی پر تبادلہ خیال کیا۔
حکام کے مطابق یہ سرمایہ کاری ملک میں براڈبینڈ رسائی، ڈیجیٹل ادائیگیوں اور نئی ٹیکنالوجی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، جبکہ معیشت کو بھی تقویت ملے گی۔ وزیراعظم نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ سرمایہ کاری پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کیلئے اہم سنگ میل ہے۔
دوسری جانب جاز کی ڈیجیٹل سروس JazzCash نے ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ملین راست کیو آر مرچنٹس کو آن بورڈ کر لیا ہے، جو اسٹیٹ بینک کے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہو رہا ہے۔
اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ سرکاری و نجی شراکت داری کے ذریعے ڈیجیٹل معیشت کو مزید وسعت دی جائے اور ملک میں جدید ٹیکنالوجی کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔