14 اپریل (ویب ڈیسک): صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تعاون پاکستان میں انفراسٹرکچر کی بہتری، صنعتی صلاحیت میں اضافے اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے کراچی میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایک بریفنگ کے دوران اپنے حالیہ دورۂ چین کے دوران طے پانے والے مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ بریفنگ میں سندھ حکومت اور چینی شراکت داروں کے درمیان جاری منصوبوں کا تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔
صدر زرداری نے ہدایت کی کہ تمام معاہدوں پر عملی پیش رفت کے لیے واضح ٹائم لائنز مقرر کی جائیں اور ادارہ جاتی رابطہ مضبوط بنایا جائے تاکہ منصوبوں پر تیز رفتار عمل درآمد ممکن ہو سکے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنا، شفافیت کو یقینی بنانا اور سرمایہ کاروں کو سہولت فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
بریفنگ میں فائر سیفٹی، ایمرجنسی رسپانس سسٹمز، توانائی اور کھاد کی پیداوار، لائیوسٹاک، زراعت، ماحولیاتی انتظام اور ری سائیکلنگ ٹیکنالوجیز سمیت مختلف شعبوں میں پیش رفت پر بھی آگاہ کیا گیا۔
صدر مملکت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ چینی حکام کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں اور منصوبوں کی باقاعدہ نگرانی کے لیے مؤثر نظام قائم کریں۔