32°C Storm

بلوچستان کے وزیراعلیٰ کا بیان: کوئی بھی نظریہ طاقت کے زور پر نافذ نہیں کیا جا سکتا

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی نظریے کو طاقت کے زور پر مسلط نہیں کیا جا سکتا۔

۱۹ویں نیشنل ورکشاپ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبے میں گڈ گورننس کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ کے مطابق محکمہ تعلیم میں اساتذہ کی بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ پر کی گئی ہیں جبکہ بند ۳۲۰۰ اسکول دوبارہ کھول دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک موجود ملک مخالف عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے نوجوانوں کو مستند تاریخ سے آگاہ ہونا چاہیے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں اور انہیں ہر محاذ پر، خصوصاً سوشل میڈیا پر، ریاست کا دفاع کرنا چاہیے۔

انہوں نے آئین کے آرٹیکل ۵ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاست سے غیر مشروط وفاداری ہر شہری کی ذمہ داری ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان دہشت گردی سے متاثر رہا ہے لیکن ریاست اپنے شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب احتجاج کی آڑ میں سڑکیں طویل عرصے کے لیے بند نہیں کی جاتیں اور شہریوں کے حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔

ان کے مطابق علیحدگی پسند عناصر کو کوئی رعایت نہیں دی جائے گی جبکہ لاپتہ افراد کا معاملہ مؤثر قانون سازی کے ذریعے حل کیا جا چکا ہے۔