پاکستان نے افریقی منڈیوں تک رسائی بڑھانے اور تجارتی روابط کو وسعت دینے کے لیے جنوبی افریقہ میں سنگل کنٹری تجارتی ایکسپو اور بین الاقوامی بزنس کانفرنس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اہم تقریب اگست کے آخر یا ستمبر 2026 کے آغاز میں جوہانسبرگ میں منعقد کی جائے گی، جس کا مقصد پاکستان کی برآمدی صلاحیت، صنعتی استعداد اور تجارتی مواقع کو افریقی ممالک کے سامنے اجاگر کرنا ہے۔
یہ دو روزہ تجارتی نمائش پاکستان ایس اے ڈی سی چیمبر ٹریڈ فیڈریشن (PSCTF) کے زیر اہتمام منعقد ہوگی، جس میں پاکستان سے تقریباً 100 نمائش کنندگان اور کاروباری وفود شرکت کریں گے، جبکہ ایک ہزار سے زائد افریقی سرمایہ کار، درآمد کنندگان، کاروباری شخصیات اور کارپوریٹ نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کا بنیادی مقصد جنوبی افریقی ترقیاتی کمیونٹی (SADC) کے رکن ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا اور بزنس ٹو بزنس (B2B) اور بزنس ٹو کنزیومر (B2C) روابط کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔
تقریب کے دوران مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط بھی متوقع ہیں، جس سے پاکستان کی صنعتی مصنوعات اور برآمدی امکانات کو افریقی منڈیوں میں فروغ دینے میں مدد ملے گی۔ پاکستان ایس اے ڈی سی چیمبر ٹریڈ فیڈریشن کے مرکزی کنوینر سید معزالدین کے مطابق افریقہ، خصوصاً جنوبی افریقہ، پاکستانی برآمدکنندگان کے لیے ابھرتی ہوئی اہم منڈی ہے، جہاں تجارت اور خدمات کے شعبوں میں وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو عالمی سطح پر بدلتی معاشی اور تکنیکی ضروریات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل مہارتوں کے شعبے میں۔ حکومتی حکام کے مطابق یہ اقدام پاکستان کی برآمدی منڈیوں کو روایتی شراکت داروں سے آگے متنوع بنانے اور افریقہ میں معاشی موجودگی مضبوط کرنے کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتا ہے۔