33°C Storm

2025 میں ایف آئی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، انسانی اسمگلنگ روکنے کیلئے 39 ہزار سے زائد مسافر آف لوڈ

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انسانی اسمگلنگ، غیر قانونی ہجرت اور بیرون ملک پاکستانی شہریوں کے استحصال کی روک تھام کے لیے 2025 کے دوران 39 ہزار 786 مسافروں کو مختلف ہوائی اڈوں پر آف لوڈ کرنے کا انکشاف کیا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق یہ کارروائیاں ایک قانونی، انٹیلی جنس پر مبنی اور رسک بیسڈ نظام کے تحت کی گئیں، جن کا مقصد شہریوں کی جانوں کا تحفظ اور پاکستان کے بین الاقوامی تشخص کو بہتر بنانا ہے۔

ایف آئی اے امیگریشن کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نعمان صدیقی کے مطابق مسافروں کو آف لوڈ کرنے کے فیصلے من مانی بنیادوں پر نہیں بلکہ سفری دستاویزات، مشکوک سفری پیٹرن، منزل کے ملک کی شرائط، امیگریشن خدشات اور طے شدہ طریقہ کار کے مطابق کیے جاتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ 2025 میں مزید 34 ہزار 688 مسافروں کو دیگر وجوہات جیسے ایئرلائن مسائل، پروازوں کی منسوخی، موسم کی خرابی، سرحدی پابندیوں اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے باعث سفر سے روکا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ چند برسوں میں غیر قانونی ہجرت سے متعلق متعدد افسوسناک واقعات، خصوصاً کشتی حادثات، حکام کے لیے تشویش کا باعث بنے، جن میں سینکڑوں پاکستانی جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ دسمبر 2024 سے جاری کریک ڈاؤن کے دوران انسانی اسمگلنگ میں ملوث 3 ہزار 130 ایجنٹس کو گرفتار کیا گیا جبکہ 2 ہزار 421 مقدمات بھی درج کیے گئے۔

ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ادارہ سخت نگرانی کے ساتھ ساتھ جائز مسافروں کی سہولت کے لیے اصلاحات بھی متعارف کرا رہا ہے تاکہ حقیقی مسافروں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے، جبکہ غیر قانونی ہجرت اور انسانی اسمگلنگ کا مؤثر سدباب یقینی بنایا جا سکے۔