پاکستان نیوی نے بلوچستان کے ساحلی علاقے گوادر کے قریب انٹیلی جنس بیسڈ مشترکہ کارروائی کے دوران 215 ملین ڈالر (تقریباً 59.7 ارب روپے) مالیت کی منشیات برآمد کر لی ہیں۔ یہ کارروائی پاکستان کوسٹ گارڈز کے ساتھ مل کر پسنی اور گوادر ویسٹ بے کے قریب پیشکان کے علاقے میں کی گئی۔
پاک بحریہ کے مطابق کارروائی کے دوران 1500 کلوگرام چرس اور 500 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین (آئس) برآمد کی گئی، جو مبینہ طور پر بحیرہ عرب کے راستے بین الاقوامی منڈیوں تک اسمگل کی جا رہی تھی۔ برآمد شدہ منشیات کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پاکستان کوسٹ گارڈز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
نیوی کے ترجمان کے مطابق پاکستان بحریہ سمندری حدود میں غیر قانونی سرگرمیوں اور منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہے اور مختلف بین الاقوامی ٹاسک فورسز کے ساتھ بھی تعاون کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور انسدادِ منشیات مہم کی کامیابی کی واضح مثال ہے۔
حکام کے مطابق پاکستان کی ساحلی پٹی کو منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف محفوظ بنانے کے لیے ایسی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری ہیں تاکہ خطے میں جرائم پیشہ نیٹ ورکس کی سرگرمیوں کو روکا جا سکے۔