30°C Sunny

گوادر انتظامیہ کا ایران سے واپس آنے والے شہریوں کیلئے مکمل ریلیف اور سہولیات

گوادر، بلوچستان، پاکستان میں ضلعی انتظامیہ نے ایران سے واپس آنے والے پاکستانی شہریوں کے استقبال اور سہولت کیلئے خصوصی انتظامات کر دیے ہیں تاکہ سرحدی راستوں سے آنے والے افراد کو فوری اور محفوظ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر گوادر نقیب اللہ ککر کی ہدایت پر جیوَنی، گبد اور رمدان کے سرحدی راستوں سے آنے والے ہزاروں پاکستانی شہریوں کو عزت و وقار کے ساتھ خوش آمدید کہا جا رہا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق یہ افراد طلبہ، زائرین، مزدور، سفارتی عملے اور دیگر شہریوں پر مشتمل ہیں جو حالیہ صورتحال کے باعث ایران سے واپس آ رہے ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے متاثرہ افراد کیلئے ہوٹلوں میں رہائش، کھانا، صاف پانی اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی ہیں جبکہ گھروں تک واپسی کیلئے خصوصی بسوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے تاکہ انہیں محفوظ طریقے سے ان کی منزل تک پہنچایا جا سکے۔

حکام کے مطابق حکومت کی ہدایت پر یہ سہولیات بلا تعطل جاری رہیں گی اور ہر آنے والے شہری کی حفاظت اور عزت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے۔