30°C Sunny

آئی ایم ایف مشن کی پاکستان آمد، مالی سال 2026-27 بجٹ پر مذاکرات شروع

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا وفد آج پاکستان پہنچ رہا ہے جہاں مالی سال 2026-27 کے وفاقی بجٹ کی تیاریوں پر باضابطہ مذاکرات کیے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق اقتصادی ٹیم کی آئی ایم ایف مشن کے ساتھ رسمی مشاورت 13 مئی سے شروع ہو کر 20 مئی تک جاری رہے گی۔ ان مذاکرات میں آئندہ بجٹ کے اہم مالیاتی اہداف، ٹیکس محصولات، پالیسی اصلاحات اور ترقیاتی اخراجات پر غور کیا جائے گا۔

مذاکرات کے دوران حکومتی اخراجات اور بجٹ منصوبہ بندی کو بہتر بنانے، مالی نظم و ضبط کو مضبوط کرنے اور مجموعی اقتصادی ڈھانچے کو بہتر ہم آہنگ بنانے سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

آئی ایم ایف ٹیم پاکستان کے میکرو اکنامک فریم ورک، ریونیو بڑھانے کی حکمت عملی اور اخراجاتی ترجیحات کا تفصیلی تجزیہ کرے گی۔

حکام کے مطابق یہ مشاورت پاکستان میں مالی استحکام برقرار رکھنے اور اقتصادی اصلاحات کے تسلسل کو آگے بڑھانے کی کوششوں کا حصہ ہے، جو نئے مالی سال کے بجٹ کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گی۔