عراق نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا ہے۔ عراقی قونصل جنرل کراچی ڈاکٹر ماہر مجید جیجان نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کو وسیع اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔
کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں خطاب کرتے ہوئے عراقی قونصل جنرل نے کہا کہ پاکستان اور عراق کے درمیان معاشی روابط میں حالیہ عرصے کے دوران بہتری آئی ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے امکانات اس سے کہیں زیادہ ہیں۔
انہوں نے کراچی کی کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ عراق کے دورے کے لیے تجارتی وفود بھیجے تاکہ پاکستانی تاجر عراق میں جاری معاشی اور انفراسٹرکچر ترقی کے مواقع کا براہ راست جائزہ لے سکیں۔
ڈاکٹر ماہر مجید جیجان نے کہا کہ کراچی میں عراقی قونصل جنرل کی سرگرمیوں کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تجارتی روابط میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کراچی سے عراق کو برآمدات، جن میں چاول، سمندری مصنوعات، پھل، غذائی اشیا اور ادویات شامل ہیں، میں بہتری دیکھنے میں آ رہی ہے۔
عراقی قونصل جنرل نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے اگلے مرحلے میں صرف تجارت تک محدود رہنے کے بجائے سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل شعبے اور مصنوعی ذہانت میں مشترکہ تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عراق پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے اور دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان رابطوں میں اضافہ دوطرفہ تجارت اور کاروباری مواقع کو نئی وسعت دے سکتا ہے۔
پاکستان اور عراق کے درمیان تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں، جبکہ حالیہ برسوں میں تجارتی تعاون، توانائی، تعمیرات اور مختلف اقتصادی شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے امکانات پر توجہ دی جا رہی ہے۔