30°C Sunny

وزیراعظم نے آبنائے ہرمز آپریشن روکنے کے امریکی فیصلے کا خیرمقدم کیا

وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آبنائے ہرمز میں امریکی قیادت میں جاری “پروجیکٹ فریڈم” عارضی طور پر روکنے کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں امن، استحکام اور سفارتی پیشرفت کے لیے مثبت قدم قرار دیا ہے۔

وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ کی قیادت اور بروقت فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان اور دیگر برادر ممالک، خصوصاً سعودی عرب اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی درخواستوں کے بعد سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلے سے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات، تحمل اور سفارتکاری کی حمایت کرتا رہا ہے اور موجودہ پیشرفت مستقل امن کی بنیاد بن سکتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری سفارتی رابطے خطے میں دیرپا استحکام کا راستہ ہموار کریں گے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے “پروجیکٹ فریڈم” روکنے کا اعلان ایسے وقت کیا جب امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ معاہدے سے متعلق پیشرفت کی اطلاعات سامنے آئیں۔ یہ آپریشن آبنائے ہرمز میں پھنسے تجارتی جہازوں کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا تھا، جہاں حالیہ کشیدگی کے باعث عالمی توانائی منڈی شدید متاثر ہوئی۔

آبنائے ہرمز دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل ترسیل کا اہم راستہ ہے اور وہاں کشیدگی بڑھنے سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں تیزی سے بڑھی تھیں۔ تاہم امریکی اعلان کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔

رپورٹس کے مطابق امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف مشترکہ کارروائیوں کے بعد خطے میں جنگی صورتحال پیدا ہوئی تھی، جس کے بعد پاکستان کی ثالثی میں جنگ بندی ممکن ہوئی اور اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان اہم مذاکرات بھی ہوئے۔