30°C Storm

بلاول بھٹو زرداری آج سولر ہوم سسٹمز منصوبے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کریں گے

لاڑکانہ، 15 اپریل (ویب ڈیسک): پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ آج سندھ حکومت کے سولر ہوم سسٹمز (SHS) منصوبے کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب جِناح باغ لاڑکانہ میں منعقد ہوگی جس میں اراکینِ اسمبلی، سرکاری افسران، میڈیا نمائندگان اور منصوبے کے مستحقین شریک ہوں گے۔ تقریب کی کارروائی لاڑکانہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں لائیو دکھائی جائے گی۔

حکام کے مطابق منصوبے کے تحت سندھ بھر کے دیہی علاقوں میں 2 لاکھ 75 ہزار گھروں کو سولر انرجی سسٹمز فراہم کیے جائیں گے، جبکہ لاڑکانہ ضلع میں آئندہ 20 ماہ کے دوران 10 ہزار سولر سسٹمز نصب کیے جائیں گے۔

اس منصوبے پر عملدرآمد این آر ٹی سی اور سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن (SRSO) کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے، جبکہ مستحق خاندانوں کا انتخاب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ڈیٹا کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد دیہی علاقوں میں صاف اور پائیدار توانائی کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔