بیسٹ وے گروپ نے چین کی معروف آٹو کمپنی جیلی آٹو گروپ کے ساتھ پاکستان میں الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیاں متعارف کرانے، تقسیم اور مقامی اسمبلی کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کا معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ معاہدہ بیسٹ وے گروپ کے پاکستان کی آٹو موٹیو صنعت میں داخلے کی اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
معاہدے کے تحت بیسٹ وے آٹو موٹیو پرائیویٹ لمیٹڈ پاکستان میں جیلی آٹو کی گاڑیوں کا خصوصی مجاز ڈسٹری بیوٹر ہوگا۔ معاہدے پر چین کے شہر ہانگ ژو میں جیلی آٹو گروپ کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ تقریب کے دوران دستخط کیے گئے۔
منصوبے کے ابتدائی مرحلے میں جیلی کی گاڑیاں مکمل تیار شدہ یونٹس (CBUs) کی صورت میں پاکستان درآمد کی جائیں گی، جس کے بعد کراچی میں قائم بیسٹ وے کے موجودہ آٹو اسمبلی پلانٹ میں مقامی سطح پر گاڑیوں کی تیاری شروع کی جائے گی۔
دونوں کمپنیوں کے مطابق شراکت داری کو آئندہ برسوں میں مزید وسعت دی جائے گی، جس کے تحت مقامی سطح پر پرزہ جات کی تیاری، پاکستان کی آٹو سپلائی چین کو مضبوط بنانے، ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔
پاکستانی مارکیٹ کے لیے متوقع گاڑیوں میں جیلی EX5 آل الیکٹرک ایس یو وی، جیلی EX2 اور جیلی Starray EM-i پلگ اِن ہائبرڈ ایس یو وی شامل ہیں۔ جیلی Starray EM-i کو اپنی کیٹیگری میں کم ترین ایندھن خرچ کرنے والی گاڑی کا عالمی ریکارڈ بھی حاصل ہے۔
بیسٹ وے اور جیلی کے درمیان یہ تعاون پاکستان میں الیکٹرک اور ہائبرڈ گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے، جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی، سرمایہ کاری میں اضافے اور آٹو موبائل سیکٹر کی طویل مدتی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
