پاکستان ریلوے نے بلوچستان سے ملک کے دیگر حصوں کے لیے ٹرین سروس بحال کر دی ہے، جو گزشتہ دو روز سے معطل تھی۔ حکام کے مطابق یہ سروس 18 اور 19 مئی کو ناگزیر وجوہات کے باعث عارضی طور پر بند کی گئی تھی۔
ریلوے حکام نے بتایا کہ معطلی کے دوران کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس دو دن منسوخ رہی، جبکہ پشاور سے کوئٹہ آنے والی ٹرین کو صرف جیکب آباد تک چلایا گیا اور وہیں سے واپس روانہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق اب ٹرین آپریشن مکمل طور پر بحال کر دیا گیا ہے اور جعفر ایکسپریس آج اپنے مقررہ وقت صبح 9 بجے کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ ہو گی۔
ریلوے ذرائع نے مزید بتایا کہ پشاور سے آنے والی جعفر ایکسپریس بھی آج دوپہر کوئٹہ پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ معمول کے مطابق دیگر روٹس پر بھی ٹرین سروس بحال کر دی گئی ہے۔