30°C Storm

نوکریوں کی فراہمی قومی ترجیح ہے، بلوچستان کے گورنر کا کراچی میں اظہار خیال

کراچی، پاکستان میں بلوچستان کے گورنر جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ملک میں روزگار کی فراہمی ایک فوری اور اہم قومی ضرورت ہے، جبکہ آئی ٹی شعبہ اس مقصد کے لیے بڑی صلاحیت رکھتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انہوں نے کراچی میں سیلانی ویلفیئر انٹرنیشنل ٹرسٹ کے آئی ٹی پارک اور ہیڈ آفس کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آئی ٹی برآمدات 4 ارب ڈالر سے بڑھا کر 100 ارب ڈالر تک لے جانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے روزگاری ملک کا بڑا مسئلہ ہے اور خاص طور پر بلوچستان میں روزگار کے مواقع محدود ہیں، جبکہ امن و امان کی صورتحال بھی ایک چیلنج ہے جس پر توجہ دی جا رہی ہے۔

گورنر نے کہا کہ آئی ٹی سیکٹر نوجوانوں کے لیے عالمی سطح پر بے شمار مواقع فراہم کرتا ہے اور اس شعبے میں تربیت سے روزگار کے نئے دروازے کھل سکتے ہیں۔

انہوں نے سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی اور تربیتی ادارے نوجوانوں کو ہنر مند بنانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور ان اقدامات کو بلوچستان تک بھی وسعت دی جانی چاہیے۔