34°C Cloudy

گوادر میونسپل عمارت کی تزئین و مرمت پر اکیس اعشاریہ پانچ ملین خرچ

گوادر، بلوچستان، پاکستان میں میونسپل کمیٹی کی عمارت کی مرمت اور اپ گریڈیشن پر مجموعی طور پر 2 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد اخراجات کیے گئے ہیں۔ سرکاری دستاویزات کے مطابق منصوبے میں ساختی بہتری کے ساتھ جدید اور ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی پر بھی توجہ دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بنیادی تعمیراتی کاموں، جن میں سیمنٹ، سریا اور مزدوری شامل ہیں، پر تقریباً 43 لاکھ روپے خرچ کیے گئے جبکہ ورکشاپ، پارکنگ شیڈ اور مرکزی گیٹ کی تعمیر پر 12 لاکھ روپے سے زائد رقم صرف ہوئی۔

عمارت کو جدید بنانے کے لیے سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب پر 3 لاکھ 38 ہزار روپے اور ایل ای ڈی سسٹمز، ایئر کنڈیشنرز اور متعلقہ آلات پر تقریباً 12 لاکھ 70 ہزار روپے خرچ کیے گئے، جبکہ فرنیچر اور کاؤنٹرز کی تنصیب پر بھی اخراجات کیے گئے۔

بجلی کی کمی اور موسمی حالات سے نمٹنے کے لیے سولر سسٹم، لائٹس اور پولز نصب کیے گئے جن پر تقریباً 7 لاکھ 86 ہزار روپے لاگت آئی۔ اس کے علاوہ عمارت کی خوبصورتی کے لیے ماربل پالش، مصنوعی گھاس، شجرکاری اور آرائشی لائٹنگ جیسے اقدامات بھی مکمل کیے گئے۔

حکام کے مطابق اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا، سروس ڈیلیوری کو مؤثر بنانا اور ایک جدید و عوام دوست انتظامی ماحول قائم کرنا ہے۔