وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کے عوام کو خوفزدہ کرنے یا ریاستی رٹ کو کمزور کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا، جبکہ امن کے قیام کے لیے دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی
وزیراعلیٰ نے حنا اورک دہشت گرد حملے کے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بزدلانہ دہشت گرد کارروائیاں ریاست کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، حکومت شہداء کے خاندانوں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائے گی
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشنز اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گے اور ریاست کی رٹ ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی
وزیراعلیٰ نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسانی جان کے نقصان کا کوئی ازالہ ممکن نہیں، تاہم حکومت شہداء کے خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی
انہوں نے اعلان کیا کہ شہداء کے خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ ان کے بچوں کی 16 سال کی عمر تک تعلیم، وظائف اور دیگر ضروری اخراجات حکومت برداشت کرے گی
سرفراز بگٹی نے بلوچستان پولیس کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایک اہلکار حالیہ مہینوں میں دہشت گردوں کے خلاف لڑتے ہوئے چوتھی مرتبہ زخمی ہوا، جو پولیس کی لگن اور قربانی کا ثبوت ہے
انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اکثر آسان اہداف کو نشانہ بنا کر معصوم شہریوں کو نقصان پہنچاتے ہیں اور پروپیگنڈا مقاصد کے لیے کارروائیاں ریکارڈ کرتے ہیں، تاہم ریاست ان کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دے گی
وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور ریاست مخالف عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی مزید تیز کی جائے گی، جبکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے
انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے تمام ریاستی ادارے مکمل ہم آہنگی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے