31°C Storm

پاکستان کو عالمی تائید، ایران امریکہ تنازع میں فیصلہ کن ثالثی کردار ابھرا

اسلام آباد، پاکستان میں ایران اور امریکہ کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران پاکستان کی سفارتی کوششوں نے عالمی سطح پر بڑی کامیابی حاصل کرلی، جہاں کویت اور چین نے کھل کر حمایت کرتے ہوئے اسلام آباد کے کردار کو سراہا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کویتی ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے رابطے میں امن کوششوں پر بریفنگ دی، جس پر کویت نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔

پاکستان اس وقت ایران اور امریکہ کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے، جبکہ ترکیہ اور مصر بھی اس عمل میں شریک ہیں۔ نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کے مطابق امریکہ کی جانب سے پیش کردہ 15 نکاتی فریم ورک ایران کے زیر غور ہے اور رابطے مسلسل جاری ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر پس پردہ سفارتکاری میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں اور ایرانی قیادت سے براہ راست رابطے میں ہیں، جبکہ ایران نے پاکستان کو ایک متوازن اور قابل اعتماد ثالث قرار دیا ہے۔

چین نے بھی پاکستان کی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے جنگ بندی، مذاکرات کی بحالی اور خطے میں استحکام پر زور دیا ہے۔ ماہرین کے مطابق بڑھتی عالمی حمایت کے ساتھ پاکستان ایک طاقتور ثالث کے طور پر ابھر رہا ہے، تاہم ایران اور امریکہ کے درمیان اختلافات بدستور ایک بڑا چیلنج ہیں۔