27°C Sunny

حکومت نے تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے لیے 250 ارب روپے کے ایس پی وی کا منصوبہ تیار کرلیا

وفاقی حکومت نے فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی، گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی اور اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کی نجکاری کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے 250 ارب روپے کے مجاز شیئر کیپیٹل پر مشتمل سرکاری اسپیشل پرپز وہیکل قائم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ ایس پی وی تینوں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے منتخب اثاثے اور واجبات اپنے پاس منتقل کرے گا تاکہ نجکاری کے لیے زیادہ تجارتی اور قابل عمل مالیاتی ڈھانچہ تشکیل دیا جاسکے۔ 31 مارچ 2026 تک آڈٹ شدہ مالیاتی بیانات کی بنیاد پر 350.6 ارب روپے کے اثاثے اور 313 ارب روپے کے واجبات ایس پی وی کو منتقل کرنے کی تجویز ہے، جس کے بعد تقریباً 37.6 ارب روپے کی ایکویٹی باقی رہے گی۔

نجکاری کمیشن بورڈ نے 28 جولائی کو پہلے مرحلے میں شامل بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی تنظیم نو اور اسکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری کے لیے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کو سفارشات پیش کی تھیں۔

حکومت نیپرا کو مجوزہ ایس پی وی اور پنشن فنڈ کی رجسٹریشن کی ہدایت بھی دے سکتی ہے، جبکہ علیحدہ پنشن فنڈ منتقل شدہ پنشن واجبات سنبھالے گا۔ متعلقہ پنشن ذمہ داریوں کی وصولی ٹیرف کے ذریعے کرنے کی تجویز ہے۔

فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کے مجاز شیئر کیپیٹل کو بالترتیب 100 ارب، 75 ارب اور 125 ارب روپے تک بڑھانے کی بھی توقع ہے، جس سے مجموعی مجاز شیئر کیپیٹل 300 ارب روپے ہوجائے گا۔

نجکاری کمیشن کو مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی دلچسپی سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔