30°C Sunny

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بی ایم سی ایچ میں اربوں کی بے ضابطگیوں کا انکشاف کر دیا

بلوچستان اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال (بی ایم سی ایچ) کے خصوصی آڈٹ میں اربوں روپے کی مالی و انتظامی بے ضابطگیوں کا انکشاف کیا ہے۔

اجلاس کی صدارت چیئرمین پی اے سی اسغر علی ترین نے کی، جبکہ اراکین اسمبلی اور محکمہ صحت و اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ آڈٹ رپورٹ آڈیٹر جنرل کی جانب سے پیش کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ہسپتال میں خریداری کے قواعد کی خلاف ورزیاں، آمدن کی کم وصولی، غیر شفاف ادائیگیاں، ریکارڈ کی عدم دستیابی اور قوانین کی عدم پاسداری جیسے سنگین مسائل سامنے آئے ہیں۔

مزید بتایا گیا کہ جدید طبی آلات جیسے سی ٹی اسکینر، انجیوگرافی مشینیں اور آکسیجن پلانٹس غیر فعال پڑے ہیں، جبکہ ادویات کے اسٹورز کی جسمانی جانچ اور ٹیسٹنگ بھی نہیں کی گئی۔

چیئرمین پی اے سی نے اجلاس میں شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ متعدد بار طلب کیے جانے کے باوجود ہسپتال انتظامیہ مطلوبہ ریکارڈ فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے اور صرف پرانے نظام پر انحصار کا عذر پیش کیا جا رہا ہے۔

کمیٹی نے ہدایت کی کہ تمام ریکارڈز دس دن کے اندر تصدیق کیے جائیں اور ذمہ داران کے خلاف بیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کی جائے۔

مزید کہا گیا کہ اگر ہدایت پر عمل نہ کیا گیا تو متعلقہ حکام کو آئندہ اجلاس میں طلب کر کے کارروائی کی جائے گی۔