31°C Storm

بلوچستان پولیس میں اہم تقرریاں اور تبادلے، نیا نوٹیفکیشن جاری

سینٹرل پولیس آفس بلوچستان نے صوبے کے مختلف اضلاع میں اہم انتظامی اور آپریشنل عہدوں پر تقرریوں اور تبادلوں کا نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ تبدیلیاں پولیس کے انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے، فیلڈ نگرانی مضبوط کرنے اور مجموعی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے کی گئی ہیں۔

جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سی پی او کوئٹہ میں قائم مقام ڈی ایس پی مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن محمد عامر مینگل کو مزید تعیناتی کے لیے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان کانسٹیبلری کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اسی طرح ایس ڈی پی او اوتھل خالد دین خان کو ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس اسپیشل برانچ تعینات کیا گیا ہے، جبکہ ایس ڈی پی او واشک شیر احمد کو ایس ڈی پی او ڈھاڈر مقرر کیا گیا ہے۔ انسپکٹر سی ٹی ڈی بلوچستان رکھ علی شاہ کو اضافی چارج دیتے ہوئے قائم مقام ڈی ایس پی اوتھل مقرر کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق انسپکٹر کچھی محبوب علی کو قائم مقام ڈی ایس پی سنجاوی تعینات کیا گیا ہے۔ انسپکٹر کوئٹہ ضلع انور ستار کو قائم مقام ایس ڈی پی او قلعہ سیف اللہ مقرر کیا گیا، جبکہ انسپکٹر کچھی محسن رضا کو قائم مقام ایس ڈی پی او خاران تعینات کیا گیا ہے۔

مزید برآں انسپکٹر قلات رینج محمد اسماعیل کو قائم مقام ایس ڈی پی او تمپ مقرر کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ یہ تبادلے معمول کی انتظامی تبدیلیوں کا حصہ ہیں، جن کا مقصد مختلف اضلاع میں پولیسنگ کے نظام کو مزید فعال اور مؤثر بنانا ہے۔

سی پی او بلوچستان کے مطابق آئندہ دنوں میں آپریشنل ضروریات اور ضلعی صورتحال کے مطابق مزید تقرریاں اور تبادلے بھی متوقع ہیں تاکہ صوبے بھر میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر انداز میں برقرار رکھا جا سکے۔