بلوچستان ایجوکیشن اینڈومنٹ فنڈ (بیف) نے تعلیمی سال 2026 کے لیے “شہید بینظیر بھٹو میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز مکمل فنڈڈ اسکالرشپ پروگرام” کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد صوبے کے ذہین طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے لیے مالی معاونت فراہم کرنا ہے۔
یہ اعلان بیف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد خالد منڈائی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایات پر کیا۔ حکام کے مطابق یہ پروگرام بلوچستان کے تمام اضلاع کے ان طلبہ کے لیے ہے جنہوں نے میٹرک کے سالانہ امتحانات 2026 میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کیں۔
پروگرام کے تحت ہر ضلع سے ٹاپ 10 طلبہ کو مکمل فنڈڈ اسکالرشپس دی جائیں گی، جن میں پانچ لڑکے اور پانچ لڑکیاں شامل ہوں گی۔ یہ اقدام طلبہ کو مالی رکاوٹوں کے بغیر اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے کے مواقع فراہم کرے گا۔
حکام کے مطابق عبوری میرٹ لسٹ متعلقہ تعلیمی بورڈز کے فراہم کردہ ڈیٹا کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے، تاہم اسے حتمی قرار نہیں دیا گیا۔ جن طلبہ نے اچھے نمبر حاصل کیے ہیں لیکن ان کا نام فہرست میں شامل نہیں ہوا، وہ 30 جون 2026 تک بیف دفتر میں اپنے اعتراضات یا درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں۔
حکام نے کہا کہ اس پروگرام کا بنیادی مقصد بلوچستان کے باصلاحیت طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنا اور انہیں معیاری تعلیمی مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ صوبے میں تعلیمی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔