29°C Storm

پاکستان کے وزیر خزانہ کی آئی ایم ایف و ورلڈ بینک اجلاس میں شرکت، عالمی مالیاتی رہنماؤں سے ملاقاتیں آج سے شروع

اسلام آباد/واشنگٹن: پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب آج سے شروع ہونے والے آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اسپرنگ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق یہ اجلاس 13 سے 18 اپریل تک واشنگٹن میں منعقد ہو رہے ہیں، جن میں عالمی مرکزی بینکوں کے سربراہان، وزرائے خزانہ اور نجی شعبے کے رہنما عالمی معیشت اور مالیاتی استحکام پر تبادلہ خیال کریں گے۔

وزارت خزانہ کے مطابق وزیر خزانہ مختلف کثیرالجہتی اور دوطرفہ ملاقاتوں میں شرکت کریں گے اور عالمی مالیاتی اداروں، ترقیاتی شراکت داروں اور پالیسی سازوں سے پاکستان کے معاشی وژن اور اصلاحاتی ایجنڈے پر بات کریں گے۔

محمد اورنگزیب سرمایہ کاری فورمز اور گول میز کانفرنسز میں بھی شرکت کریں گے، جن میں جےفریز، جے پی مورگن اور سٹی بینک جیسے عالمی ادارے شامل ہیں۔

اجلاس سے قبل وزیر خزانہ نے ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کانفرنس کے دوران ایک پینل ڈسکشن میں بھی شرکت کی، جہاں انہوں نے کہا کہ پاکستان بیرونی قرضوں کی بروقت ادائیگی کے لیے پراعتماد ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برآمدات پر مبنی ترقی اور تجارت کے فروغ کے بغیر پائیدار معاشی استحکام ممکن نہیں، جبکہ ماضی میں مشکل فیصلوں میں تاخیر نے معاشی چیلنجز کو بڑھایا۔

Just In
06-06-2026