29°C Storm

بلوچستان اسمبلی کا ایران امریکا جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو خراج تحسین

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی نے ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے متفقہ قرارداد منظور کر لی۔

قرارداد صوبائی وزیر داخلہ ضیاء اللہ لانگوو نے پیش کی، جس میں پاکستان کی بروقت، متوازن اور مؤثر سفارتی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

ایوان نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشوں سے مذاکرات اور امن کی راہ ہموار ہوئی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بڑے تنازع کو بڑھنے سے روکنے میں اہم کردار ادا کیا، جس سے خطے اور دنیا میں استحکام آیا۔

ارکان اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کامیابی سے عالمی سطح پر ملک کا وقار اور اعتماد مزید مضبوط ہوا ہے اور اس مثبت کردار کو جاری رہنا چاہیے۔

اجلاس میں مختلف اراکین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی کوششوں سے جانی اور مالی نقصان میں کمی آئی اور دنیا بھر میں امن کی امید پیدا ہوئی۔

اجلاس کے اختتام پر امن مذاکرات کی کامیابی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی جبکہ اجلاس پیر تک ملتوی کر دیا گیا۔