وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوجوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر پھیلنے والے منفی پروپیگنڈے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں اور ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کریں۔
نیشنل یوتھ سمٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان محب وطن ہیں اور پاکستان کے روشن مستقبل کی نمائندگی کرتے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تنقید کو اصلاح اور بہتری کے لیے ہونا چاہیے نہ کہ محض مخالفت کے لیے، جبکہ حکومت نوجوانوں کے مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت عوام خصوصاً نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنے کے لیے ذمہ دار ہے اور آئین پاکستان اس ذمہ داری کو مزید مضبوط بناتا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گڈ گورننس، میرٹ اور شفافیت دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام سرکاری بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ پر کی جا رہی ہیں اور کرپشن یا بے ضابطگیوں کی کوئی گنجائش نہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق تربت میں محکمہ تعلیم کے افسران کے خلاف حالیہ تادیبی کارروائی اور پولیس سمیت مختلف اداروں میں شفافیت کے اقدامات اسی پالیسی کا حصہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وسائل کے بہتر استعمال کے لیے غیر ضروری اخراجات ختم کیے جا رہے ہیں، جن میں پرانی سرکاری گاڑیوں کے ایندھن کے اخراجات بھی شامل ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ گوادر میں تمام سرکاری اسکول فعال ہو چکے ہیں اور یہ ضلع پورے صوبے کے لیے ایک ماڈل بن رہا ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ عناصر سوشل میڈیا کے ذریعے نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم حکومت آگاہی مہمات اور مثبت اقدامات کے ذریعے اس کا مقابلہ کر رہی ہے۔