کوئٹہ، 2 اپریل 2026: بلوچستان کو جلد ہی دل کے امراض کے علاج کی پہلی بڑی خصوصی سہولت حاصل ہونے جا رہی ہے، جہاں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (NICVD) کراچی، صوبائی حکومت کے تعاون سے کوئٹہ میں بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکیولر ڈیزیزز (BICVD) قائم کر رہا ہے۔
حکام کے مطابق یہ اسپتال 15 مئی تک فعال ہو جائے گا، جس سے صوبے میں جدید امراضِ قلب کی سہولیات دستیاب ہوں گی اور مریضوں کو کراچی جانے کی ضرورت کم ہو جائے گی۔
یہ پیشرفت ایک اعلیٰ سطحی ورچوئل اجلاس کے دوران سامنے آئی جس میں NICVD کے نمائندوں اور بلوچستان کے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے شرکت کی۔ اجلاس میں معروف ماہر امراضِ قلب پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر اور NICVD کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر طاہر سغیر بھی موجود تھے۔
حکام کے مطابق یہ مجوزہ اسپتال 150 بستروں پر مشتمل ہوگا، جہاں انٹروینشنل کارڈیالوجی اور کارڈیک سرجری جیسی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
پروفیسر ڈاکٹر طاہر سغیر نے بتایا کہ ابتدائی طور پر NICVD کے ماہر ڈاکٹرز اس اسپتال کو چلائیں گے اور مقامی ڈاکٹروں کو تربیت دیں گے تاکہ مستقبل میں یہ ادارہ خود مختار طور پر خدمات فراہم کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان حکومت نے اسپتال کی عمارت مکمل کر لی ہے جبکہ NICVD تکنیکی معاونت، ماہر عملہ اور آپریشنل سپورٹ فراہم کر رہا ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر ندیم قمر نے کہا کہ اس ادارے کے قیام سے مریضوں کو جدید کارڈیک علاج اور سرجری کی سہولت مقامی سطح پر میسر آئے گی، جو بلوچستان میں صحت کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت ہے۔
حکام کے مطابق اس منصوبے سے مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو سفر، اخراجات اور علاج میں تاخیر جیسے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور صوبے میں صحت کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔