وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوئی کا ایک روزہ دورہ کیا جہاں انہوں نے مقامی قبائلی عمائدین سے ملاقاتیں کیں، اہم شخصیات کے انتقال پر تعزیت کی اور دو مخالف قبائل کے درمیان دیرینہ تنازع ختم کروا کر صلح کرائی۔
دورے کے دوران وزیراعلیٰ نے وڈیرہ شیر بیگ خان قلاںدرانی کے بیٹے شہید رحیم علی مندراں اور وڈیرہ برانی خان بگٹی کے بھائی کے اہل خانہ سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور افسوس کا اظہار کیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے قبائلی مصالحتی عمل میں کلیدی کردار ادا کیا اور دو متحارب گروہوں کے درمیان کامیاب مفاہمت کروائی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں پائیدار امن، ترقی اور استحکام کے لیے قبائلی اتحاد اور باہمی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانی رنجشوں کو ختم کر کے مشترکہ ترقی کے لیے آگے بڑھنا وقت کی ضرورت ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کے لیے قبائلی عمائدین کا کردار انتہائی اہم ہے اور حکومت تمام فریقین کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
دورے کو مقامی سطح پر ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے جس سے نہ صرف کشیدگی میں کمی آئے گی بلکہ علاقے میں اعتماد سازی اور سماجی ہم آہنگی کو بھی فروغ ملے گا۔