32°C Storm

بلوچستان میں صحت شعبہ مضبوط، 352 پیرا میڈکس و نرسز کی تربیت شروع

کوئٹہ: بلوچستان میں صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کیلئے ہیلتھ سروسز اکیڈمی اور صوبائی حکومت کے درمیان دو اہم معاہدوں پر دستخط کر دیے گئے، جن کے تحت 352 پیرا میڈکس اور نرسنگ گریجویٹس کو تربیت دی جائے گی۔

یہ معاہدے کوئٹہ میں ہیلتھ سروسز اکیڈمی کے کوآرڈینیٹر ندیم سجاد کیانی اور حکومت بلوچستان کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ثاقب کاکڑ کے درمیان طے پائے۔

پہلے پروگرام کے تحت صوبے بھر سے 352 پیرا میڈکس کو آئی سی یو، این آئی سی یو، ایمرجنسی، اینستھیزیا اور کارڈیک کیئر جیسے اہم شعبوں میں جدید تربیت دی جائے گی، جس میں کلاس روم، عملی مشق اور کلینیکل ٹریننگ شامل ہوگی۔

دوسرے معاہدے کے تحت نرسنگ گریجویٹس کیلئے انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جائے گا، جس کا مقصد انہیں عملی مہارتیں فراہم کر کے پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرنا ہے۔

حکام کے مطابق تربیت مکمل کرنے کے بعد شرکاء اپنے اپنے اضلاع میں جا کر صحت کی معیاری سہولیات فراہم کریں گے، جس سے خصوصاً دور دراز علاقوں میں طبی خدمات بہتر ہوں گی۔

ماہرین نے ان اقدامات کو بلوچستان میں تربیت یافتہ طبی عملے کی کمی دور کرنے اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔