28°C Sunny

پاکستان اور ترکیہ کا مضبوط اسٹریٹجک تعلقات کا عزم انطالیہ فورم

ترکیہ میں انطالیہ ڈپلومیسی فورم کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے ملاقات کرتے ہوئے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، جنگ بندی کے تسلسل اور علاقائی امن کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ دونوں ممالک نے اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ اس موقع پر اعلیٰ سطح اسٹریٹجک کوآپریشن کونسل (ایچ ایل ایس سی سی) کے آٹھویں اجلاس کو انقرہ میں منعقد کرنے کی تیاریوں پر بھی غور کیا گیا۔

پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے جبکہ ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاکان فیدان اور دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔ دونوں ممالک نے برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے اور مشترکہ وژن کے تحت خطے میں امن کے لیے کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔