سندھ کابینہ نے صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پاکستان رینجرز کی تعیناتی میں مزید ایک سال کی توسیع کی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ رینجرز 20 جولائی 2026 سے 19 جولائی 2027 تک سندھ پولیس کی معاونت جاری رکھے گی۔
اجلاس میں گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف سخت کارروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے والے ذخیرہ اندوزوں کے گودام سیل کیے جائیں گے تاکہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
کابینہ نے فیصلہ کیا کہ سندھ میں نئی شوگر ملز قائم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، جبکہ شوگر سیکٹر میں کسانوں، صارفین اور ماحولیات کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔
اجلاس میں محکمہ خوراک کی ڈیجیٹلائزیشن، سندھ فارمرز ایگریکلچرل کلیکٹوز ایکٹ 2026 کے مسودے، خصوصی تعلیم کے فروغ کے لیے آغا خان یونیورسٹی کے ساتھ معاہدے، حیدرآباد میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو فلائی اوور کی تکمیل، اور میرین کنزرویشن پولیس کا نام تبدیل کرکے سندھ فشریز سروس رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے ساحلی نگرانی کے لیے تین جدید اسپیڈ بوٹس خریدنے، زرعی اصلاحات، فلاحی منصوبوں اور گورننس سے متعلق متعدد فیصلوں کی بھی توثیق کی۔