کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے فیلڈ افسران کی کارکردگی اور حاضری کی نگرانی کے لیے لائیو لوکیشن پر مبنی ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس نظام کے تحت افسران کی حاضری کو ان کے تعیناتی کے مقام سے منسلک کیا جائے گا جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کو بھی ریئل ٹائم میں مانیٹر کیا جا سکے گا۔
یہ فیصلہ صوبائی حکومت کے ایک اعلیٰ سطح اجلاس میں کیا گیا جس میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور مختلف محکموں کے سیکریٹریز نے پیش رفت پر بریفنگ دی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ تمام جاری ترقیاتی منصوبے جون تک مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی افسران کو کوئٹہ میں بیٹھنے کے بجائے فیلڈ میں موجود رہنا چاہیے تاکہ منصوبوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ جو افسران 10 دن سے زائد عرصے تک فیلڈ سے غیر حاضر رہیں ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے حکومتی محکموں کی کارکردگی بہتر ہوگی اور شفافیت و احتساب کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جا سکے گا۔