30°C Sunny

روس اور یوکرین نے علیحدہ علیحدہ جنگ بندی کا اعلان کر دیا

روس اور یوکرین نے پیر کے روز الگ الگ عارضی جنگ بندیوں کا اعلان کیا ہے، تاہم دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر خلاف ورزی اور کشیدگی بڑھانے کے الزامات بھی عائد کیے ہیں۔

روسی وزارت دفاع کے مطابق ماسکو نے 8 سے 9 مئی تک یکطرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے، جو دوسری جنگ عظیم میں فتح کی سالگرہ کی تقریبات کے موقع پر نافذ ہوگی۔ روس نے خبردار کیا ہے کہ اگر یوکرین نے اس دوران کارروائیاں کیں تو ماسکو “وسیع میزائل حملے” کا جواب دے گا۔

دوسری جانب یوکرین نے بھی 5 سے 6 مئی کے دوران اپنی طرف سے عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ روسی فوجی تعطیلات کے دوران جنگ بندی کی توقع غیر سنجیدہ ہے۔

یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا کہ ماسکو کی تجویز کے بارے میں کوئی باضابطہ رابطہ نہیں کیا گیا اور روس خود اس سے خائف ہے کہ یوکرینی ڈرونز ماسکو میں کارروائی کر سکتے ہیں۔

ادھر زمینی صورتحال میں کشیدگی برقرار رہی، یوکرینی حکام کے مطابق روسی حملوں میں کم از کم 9 افراد ہلاک ہوئے جبکہ خارکیف کے قریب میزائل حملے میں 7 شہری جان کی بازی ہار گئے۔

دوسری طرف ماسکو میں ایک رہائشی عمارت پر یوکرینی ڈرون گرنے کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کی قیادت میں امن مذاکرات کی رفتار سست پڑ گئی ہے اور عالمی توجہ مشرق وسطیٰ کے تنازع کی جانب منتقل ہو رہی ہے۔