گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل ہیلتھ انفارمیشن سسٹم (DHIS) صوبے کے صحت کے شعبے میں ایک انقلابی تبدیلی ثابت ہوگا۔
کوئٹہ میں منعقدہ تیسری ہیلتھ کیئر لیڈرشپ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نظام کے ذریعے تمام صحت مراکز میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری، ادویات کی تقسیم اور ہسپتالوں و بنیادی صحت مراکز کی کارکردگی کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے گا، جس سے شفافیت اور احتساب کو مضبوط بنایا جا سکے گا۔
گورنر کے مطابق اس نئے نظام کے تحت پہلی بار ضلعی ہیلتھ آفیسرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کو اپنے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کا براہ راست ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا، جو ایک اہم اور تاریخی اصلاح قرار دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ اقدام صحت کے شعبے میں کارکردگی، نگرانی اور انتظامی بہتری کے نئے معیار قائم کرے گا اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی میں مددگار ثابت ہوگا۔
شیخ جعفر مندوخیل نے اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور سیکریٹری صحت مجیب الرحمٰن پنازئی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں یہ اصلاحاتی منصوبہ عملی شکل اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے بلوچستان کے وسیع رقبے اور بکھری ہوئی آبادی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بنیادی صحت سہولیات کی فراہمی ایک بڑا چیلنج ہے، جس کے لیے عالمی اداروں خصوصاً اقوام متحدہ کو تعاون جاری رکھنا چاہیے۔
گورنر نے کہا کہ مؤثر قیادت اور بہتر انتظامی نظام مسلسل عمل ہے جو ہر شعبے میں ضروری ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں سہولیات کی کمی ہے۔
