بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (B-TEVTA) کے 14 رکنی وفد نے پنجاب اسکل ڈویلپمنٹ فنڈ (PSDF) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے پنجاب کے فنی و پیشہ ورانہ تربیتی نظام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ دورہ 15 سے 19 جون 2026 تک جاری ایک ایکسپوژر ٹور کا حصہ تھا جس کا مقصد بلوچستان کے وفد کو پنجاب کے اسکل سیکٹر کے انتظامی اور عملی ڈھانچے سے آگاہ کرنا تھا۔
دورے کے دوران وفد نے اس بات کا مشاہدہ کیا کہ پنجاب میں کس طرح مختلف اداروں کو مربوط کر کے ایک مؤثر تربیتی نظام قائم کیا گیا ہے، تربیت کے معیار کو کیسے جانچا جاتا ہے، اور کس طرح صنعتوں کو اس پورے عمل میں شامل رکھا جاتا ہے تاکہ تربیت حاصل کرنے والے افراد کو براہ راست روزگار کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ وفد کو یہ بھی بتایا گیا کہ کس طرح مختلف شعبوں میں ہنر مند افراد کی مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق تیاری کی جاتی ہے۔
پنجاب اسکل ڈویلپمنٹ فنڈ میں سیکریٹری اسکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ ندیر چٹھہ نے وفد کو محکمے کی مجموعی کارکردگی اور پالیسیوں پر بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے فنی تربیت کے نظام کو مقامی اور بین الاقوامی لیبر مارکیٹ سے ہم آہنگ کرنے کے لیے متعدد اصلاحات متعارف کرائی ہیں تاکہ تربیت یافتہ نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ مواقع حاصل ہوں۔
چیئرمین وزیراعلیٰ ٹاسک فورس برائے اسکل ڈویلپمنٹ عدنان افضل چٹھہ نے بھی وفد کا خیرمقدم کیا اور پنجاب میں اسکل اداروں کے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی پر روشنی ڈالی۔ پی ایس ڈی ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد خان نے بھی فنڈ کے کردار اور صوبے بھر میں جاری تربیتی پروگراموں کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
دورے کے دوران وفد مختلف تربیتی اداروں کا دورہ بھی کرے گا جہاں آئی ٹی سمیت مختلف شعبوں میں جاری تربیتی سرگرمیوں کا مشاہدہ کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ دورہ بین الصوبائی تعاون اور سیکھنے کے عمل کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش ہے جو نوجوانوں کے لیے بہتر روزگار کے مواقع پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔