29°C Sunny

پاکستان کا ایران امریکہ مذاکرات میں پیش رفت پر اظہارِ امید – پابندیوں میں نرمی سے تجارتی و اقتصادی تعاون جڑنے کا امکان

پاکستان نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی تکنیکی مذاکرات میں پیش رفت پر امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ تجارت اور اقتصادی تعاون میں اضافہ بین الاقوامی پابندیوں میں نرمی سے مشروط ہوگا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ ایران پر پابندیوں میں نرمی کا راستہ سوئٹزرلینڈ کے برجن اسٹاک میں ہونے والے مذاکرات کے ذریعے پہلے ہی شروع ہو چکا ہے، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مذاکراتی عمل کا جاری رہنا خوش آئند ہے اور توقع ہے کہ اس سے تعمیری نتائج برآمد ہوں گے۔ ترجمان کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات میں وقتی تعطل آیا ہے تاہم یہ عمل اگلے منگل کو دوبارہ شروع ہوگا جس میں پاکستانی وفد بھی شریک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی صورتحال میں کشیدگی میں کمی کا امکان ہے، تاہم مکمل معمول کی بحالی میں وقت لگ سکتا ہے۔ پاکستان نے خطے میں مسائل کے حل کے لیے خلیجی تعاون کونسل کے کردار کی حمایت کرتے ہوئے علاقائی معاملات کے علاقائی حل پر زور دیا۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی منصوبوں کی پیش رفت بھی پابندیوں میں نرمی کے ساتھ آگے بڑھے گی۔ افغانستان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ذمہ داریاں پوری کر چکا ہے اور افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے کی واضح یقین دہانی ضروری ہے۔ انہوں نے افغانستان میں امن کے لیے چین کے کردار کو بھی سراہا اور فلسطین کی صورتحال پر اسلامی عرب ممالک کے ساتھ پاکستان کی مشترکہ مذمت کا اعادہ کیا۔