29°C Storm

پاکستان میں جنگ بندی مذاکرات سے قبل امریکہ اور ایران میں نئی کشیدگی

اسلام آباد: امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی مذاکرات سے قبل نئی کشیدگی سامنے آ گئی ہے جس سے متوقع مذاکرات غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گئے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق امریکی وفد مذاکرات کے لیے روانہ ہو چکا ہے جبکہ ایرانی وفد پہلے ہی پاکستان پہنچ چکا ہے، تاہم دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان برقرار ہے۔

ایرانی حکام نے کہا ہے کہ مذاکرات سے قبل چند اہم شرائط پوری ہونا ضروری ہیں، جن میں لبنان میں جنگ بندی اور ایران کے منجمد اثاثوں کی رہائی شامل ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے خبردار کیا کہ ان شرائط پر عمل نہ ہونے کی صورت میں مذاکرات متاثر ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب ایرانی فوجی قیادت نے بھی خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں اور خطے میں کشیدگی برقرار ہے۔