حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں ردوبدل کرتے ہوئے ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 32 روپے 63 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ پٹرول کی قیمت میں 2 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق 20 اگست 2026 کے لیے کیا گیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے نرخوں کے تحت پٹرول کی قیمت 334 روپے 54 پیسے سے بڑھ کر 337 روپے 51 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 69 پیسے سے کم ہو کر 363 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اوگرا ذرائع کے مطابق ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی میں بھی 1 روپے 72 پیسے کا اضافہ کرتے ہوئے اسے 80 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے، جبکہ پٹرول پر لیوی 80 روپے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔ مٹی کے تیل پر لیوی بھی 20 روپے 36 پیسے فی لیٹر برقرار ہے۔
نئے قیمتوں کے طریقہ کار کے تحت اوگرا بین الاقوامی منڈی میں گزشتہ سات روز کی اوسط قیمتوں کی بنیاد پر پٹرول اور ڈیزل کے یومیہ نرخ جاری کرے گا۔ ریگولیٹر کو وزیراعظم یا وفاقی حکومت سے پیشگی منظوری کے بغیر روزانہ قیمتیں مقرر کرنے کا اختیار دیا گیا ہے، جبکہ جمعہ کو مقرر کیے گئے نرخ ہفتہ اور اتوار کو برقرار رہیں گے۔
حکومت نے عالمی تیل منڈی میں اتار چڑھاؤ اور مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث قیمتوں کے روزانہ جائزے کا نظام متعارف کرایا ہے۔ نئے فریم ورک کا مقصد عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کی تبدیلی کا اثر صارفین تک زیادہ تیزی سے منتقل کرنا اور قیمتوں کے تعین میں شفافیت پیدا کرنا ہے۔ وفاقی کابینہ کی منظور شدہ پالیسی کے تحت مالی سال 2026-27 میں ہائی اسپیڈ ڈیزل کی درآمد پاکستان اسٹیٹ آئل کے ذریعے جبکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو اپنے مارکیٹ شیئر کے مطابق پٹرول درآمد کرنے کی اجازت ہوگی۔