30°C Sunny

کراچی میں گوادر تاجروں کو درپیش مسائل سے سندھ گورنر آگاہ

کراچی: گوادر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے فاؤنڈنگ صدر فیصل دشتی کی قیادت میں گورنر سندھ نثار ہاشمی سے گورنر ہاؤس کراچی میں ملاقات کی اور گوادر سمیت مکران ڈویژن کے تاجروں اور مسافروں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔

وفد نے بتایا کہ کراچی میں رینجرز چیک پوسٹ پر شدید ٹریفک جام کی صورتحال ہے جہاں صرف تین لینز کے ذریعے تمام گاڑیوں بشمول کارگو ٹرک، مسافر بسیں اور نجی گاڑیاں گزرتی ہیں، جس کے باعث کلیئرنس میں کئی گھنٹے لگ جاتے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لینز کی تعداد تین سے بڑھا کر پانچ کی جائے اور عملے میں اضافہ کیا جائے تاکہ نظام کو بہتر بنایا جا سکے۔

تاجروں نے کسٹمز اور پولیس اہلکاروں کے رویے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ مکمل دستاویزات ہونے کے باوجود گاڑیوں کو غیر ضروری طور پر روکا جاتا ہے، جس سے تاخیر اور مشکلات پیدا ہوتی ہیں۔ بعض معاملات میں مبینہ طور پر رشوت طلبی کی شکایات بھی سامنے آئیں۔

وفد نے مزید کہا کہ مکران ڈویژن بشمول گوادر، تربت اور پنجگور سے آنے والے مسافروں کو کراچی میں اترنے کے بعد مختلف مقامات پر روکا جاتا ہے۔ ان کے مطابق خواتین اور بچوں سمیت مسافروں کو غیر ضروری تلاشی، ہراسانی اور بعض اوقات مبینہ طور پر رقم دینے پر مجبور کیا جاتا ہے۔

گورنر سندھ نے وفد کو مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطہ کر کے ان مشکلات کے حل کے لیے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ تجارتی سرگرمیوں اور عوامی سفر میں بہتری لائی جا سکے۔