31°C Storm

بلوچستان میں مساوی ترقی حکومت کی ترجیح، بارشور کو ضلع کا درجہ

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سردار سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں نئے اضلاع کے قیام کا مقصد پسماندہ علاقوں میں مساوی ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے یہ بات شمالی بلوچستان کے علاقے بارشور میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی، جہاں حال ہی میں اسے پشین سے الگ کر کے ضلع کا درجہ دیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ بارشور ٹی ایچ کیو ہسپتال کو ڈسٹرکٹ لیول پر اپ گریڈ کیا جائے گا، پولیس اسٹیشنز کو وسعت دی جائے گی، بیسک ہیلتھ یونٹس کو ٹیلی ہیلتھ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا اور 254 اسکولوں کو مکمل طور پر فعال کیا جائے گا۔ انہوں نے بارشور کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دینے کا بھی اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ نئے ضلع میں قابل ڈپٹی کمشنر تعینات کر دیا گیا ہے جو عوامی مسائل کے حل اور انتظامی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے لیے کام کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت ہر علاقے میں ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنائے گی اور کسی بھی دباؤ میں آئے بغیر عوامی خدمت جاری رکھی جائے گی۔