31°C Storm

ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان کے مقامی بجلی پیداوار کے فروغ کی حمایت

اسلام آباد، پاکستان میں وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما ژیاوکن فین کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کے توانائی شعبے میں جاری اصلاحات اور مستقبل کے تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران وزیر نے کہا کہ عالمی توانائی چیلنجز کے باوجود پاکستان کے پاور سیکٹر نے نمایاں لچک کا مظاہرہ کیا ہے جس کی بڑی وجہ مقامی وسائل جیسے لوکل کوئلہ، ہائیڈرو پاور اور شمسی توانائی کا بڑھتا ہوا استعمال ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد درآمدی ایندھن پر انحصار کم کر کے بجلی کی قیمتوں کو صارفین کے لیے قابل برداشت بنانا ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی نمائندہ نے پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ توانائی شعبے میں حالیہ بہتری سے قومی معیشت کی مجموعی مضبوطی میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹلائزیشن، مربوط منصوبہ بندی، ڈیٹا گورننس، ادارہ جاتی اصلاحات اور نجکاری کے ذریعے مزید تعاون کی پیشکش کی۔

انہوں نے اسمارٹ میٹرنگ سسٹم، چھتوں پر سولر پینلز اور بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹم کے انضمام جیسے منصوبوں میں جاری تکنیکی معاونت کا بھی ذکر کیا۔

وزیر توانائی نے شفافیت اور میرٹ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اور ٹرانسمیشن نیٹ ورک کی بہتری حکومت کی ترجیح ہے۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان کے پاور سیکٹر کو جدید، مؤثر اور پائیدار بنانے کے لیے تعاون جاری رکھا جائے گا۔