واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات آئندہ دو دن میں دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں، اور ان مذاکرات کے لیے اسلام آباد ایک ممکنہ میزبان مقام ہو سکتا ہے۔
انہوں نے امریکی میڈیا کو دیے گئے بیان میں کہا کہ واشنگٹن “پاکستان جانے کو زیادہ ترجیح دے رہا ہے” کیونکہ وہاں مذاکرات پہلے بھی ہو چکے ہیں اور وہاں ثالثی کا کردار مؤثر رہا ہے۔ ان کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان جاری کشیدگی کم کرنے اور 8 اپریل کے جنگ بندی معاہدے کو 22 اپریل سے پہلے توسیع دینے کے لیے بات چیت ضروری ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان اس عمل میں ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے اور دونوں فریقین کے درمیان دوبارہ رابطوں کو فعال بنانے کی کوششیں جاری ہیں۔ سفارتی ذرائع کے مطابق اگلے دور مذاکرات اسی ہفتے دوبارہ ہونے کا امکان ہے، جبکہ اسلام آباد کو ایک ممکنہ میزبان شہر کے طور پر زیر غور رکھا جا رہا ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ فریقین کے درمیان جنگ بندی کو برقرار رکھنے اور اختلافی نکات حل کرنے کے لیے سفارتی رابطے تیز کر دیے گئے ہیں۔