30°C Sunny

کویت پاکستان میں اسٹریٹجک پیٹرولیم اسٹوریج کے امکانات پر غور کرے گا

کویت نے پاکستان میں اسٹریٹجک پیٹرولیم اسٹوریج کی سہولیات کے امکانات تلاش کرنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، جس پر دونوں ممالک کے درمیان توانائی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق ہوا ہے۔

یہ پیشرفت اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمن جاصر المطیری کے درمیان ہونے والی ملاقات میں سامنے آئی، جس میں پیٹرولیم اور توانائی کے شعبوں میں تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے ریفائننگ کے شعبے سمیت مختلف توانائی منصوبوں میں مشترکہ مواقع کا جائزہ لیا اور پاکستان میں اسٹریٹجک آئل اسٹوریج کے نئے منصوبوں پر غور کرنے پر اتفاق کیا۔

مذاکرات میں علاقائی صورتحال اور توانائی کی مجموعی سپلائی چین پر بھی بات چیت ہوئی، جبکہ دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تعاون کے دائرہ کار کو وسیع کرنے پر زور دیا۔

اجلاس کے دوران وزیر پیٹرولیم نے کویتی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے مشکل حالات میں پاکستان کو ڈیزل اور جیٹ فیول کی بروقت فراہمی یقینی بنانے میں مدد دی، جس سے توانائی کی ضروریات پوری رکھنے میں مدد ملی۔

حکام کے مطابق کویت سے آنے والا جہاز “خیربور” تقریباً 45 ہزار ٹن ڈیزل اور 10 ہزار ٹن جیٹ فیول لے کر پاکستان پہنچا، جو خصوصی اجازت کے تحت بھیجا گیا تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ آبنائے ہرمز کی بندش اور علاقائی کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر توانائی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے، جس سے پاکستان بھی توانائی چیلنجز کا سامنا کر رہا ہے۔

کویتی سفیر نے پاکستان کے خطے میں امن کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ذمہ دارانہ سفارتی رویہ اپنایا ہے اور اس کی عالمی سطح پر ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان اور کویت کے درمیان پہلے سے توانائی کے مضبوط تعلقات موجود ہیں، جس کے تحت پاکستان اپنی ڈیزل کی بڑی مقدار کویت سے درآمد کرتا ہے، جبکہ کویت نے پاکستان کو آئل کریڈٹ سہولت میں بھی توسیع دی ہے۔