29°C Sunny

گوادر اولڈ ٹاؤن میں عوامی فلاحی منصوبوں میں تیزی – اسکولوں، کھیلوں کے میدانوں اور بنیادی سہولیات کی بہتری جاری

گوادر اولڈ ٹاؤن میں عوامی فلاح اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کیلئے جاری منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے، جہاں تعلیمی اداروں، کھیلوں کی سہولیات اور دیگر شہری خدمات کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) گوادر کی ہدایات پر اولڈ ٹاؤن بحالی پروگرام کے تحت متعدد ترقیاتی منصوبے جاری ہیں جن کا مقصد مقامی آبادی کو بہتر تعلیمی، تفریحی اور شہری سہولیات فراہم کرنا ہے۔

حکام کے مطابق منصوبے میں اسکولوں کی بہتری، کھیلوں کے میدانوں کی بحالی، بچوں اور نوجوانوں کیلئے محفوظ تفریحی مواقع پیدا کرنا اور بنیادی عوامی سہولیات کو مضبوط بنانا شامل ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ جاری اقدامات کا مقصد گوادر اولڈ ٹاؤن کے رہائشیوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانا اور علاقے میں دیرپا ترقی کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا ہے۔

حکام کے مطابق تعلیمی اداروں میں بہتر ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تاکہ طلبہ کو جدید اور محفوظ تعلیمی سہولیات میسر آسکیں، جبکہ کھیلوں کی سہولیات کی بہتری سے نوجوانوں کیلئے مثبت سرگرمیوں کے مواقع بڑھیں گے۔

انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے عوامی خدمات میں بہتری آئے گی، سماجی بہبود کو فروغ ملے گا اور گوادر اولڈ ٹاؤن میں پائیدار شہری ترقی کے عمل کو مزید تقویت ملے گی۔

حکام کے مطابق یہ اقدامات گوادر میں کمیونٹی انفرااسٹرکچر کو مضبوط بنانے اور مقامی آبادی کو جدید، آسان رسائی والی سہولیات فراہم کرنے کی وسیع حکمت عملی کا حصہ ہیں۔