اسسٹنٹ کمشنر گوادر رومیل نعیم جان نے مقامی طلبہ کے تیار کردہ کشتیوں کے ماڈلز کی کراچی اور دیگر بڑے شہروں میں فروخت کے امکانات تلاش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ انہوں نے یہ ہدایت ماڈل ہائی اسکول گوادر میں یونیسف کے تعاون سے قائم کشتی سازی مرکز کے دورے کے دوران جاری کی، جہاں عادل نودیزئی نے انہیں مرکز کی سرگرمیوں اور طلبہ کو دی جانے والی عملی تربیت کے بارے میں بریفنگ دی۔ مرکز میں پرائمری کی بالائی جماعتوں سے ہائی اسکول تک کے طلبہ کو چھوٹی آرائشی کشتیوں کے ماڈلز تیار کرنے کی عملی تربیت دی جاتی ہے۔ اس اقدام کا مقصد گوادر کی روایتی کشتی سازی کی مہارت اور سمندری ثقافت کو محفوظ بناتے ہوئے نئی نسل تک منتقل کرنا ہے۔ مرکز میں 2 تربیت یافتہ اساتذہ خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ طلبہ کی تربیت کے لیے جدید آلات اور دیگر ضروری سہولیات بھی موجود ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنر نے طلبہ کے تیار کردہ ماڈلز کا معائنہ کیا اور روایتی ہنر کے تحفظ کے ساتھ نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کو سراہا۔ حکام نے بتایا کہ مرکز میں تیار ہونے والی مصنوعات اس وقت گوادر میں ایک مقامی دکان کے ذریعے فروخت کی جا رہی ہیں۔ رومیل نعیم جان نے ہدایت کی کہ ان مصنوعات کو کراچی اور دیگر بڑے شہری مراکز تک متعارف کرانے کے لیے اقدامات کیے جائیں تاکہ طلبہ کو وسیع منڈیوں تک رسائی اور اپنی مہارت سے آمدن حاصل کرنے کے مزید مواقع مل سکیں