پاکستان کے وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے قازقستان کے سرمایہ کاروں کو گوادر اور کراچی بندرگاہوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی ہے تاکہ علاقائی تجارت اور عالمی منڈیوں تک رسائی کو مزید فروغ دیا جا سکے۔
یہ بات انہوں نے قازقستان کے 11 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت فریڈم ہولڈنگ کارپوریشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر تیمور ٹرلوف کر رہے تھے۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان بندرگاہی شعبے، لاجسٹکس اور سمندری تجارت میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گوادر اور کراچی خطے کی تجارت میں اسٹریٹجک اہمیت رکھتے ہیں اور پاکستان کی بحری انفراسٹرکچر میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر گوادر فری زون میں سرمایہ کاری کے امکانات کو اجاگر کیا۔
ملاقات میں ٹرانس شپمنٹ آپریشنز، آف ڈِاک اور ملٹی پرپز ٹرمینلز، ڈرائی ڈاک اور فلوٹنگ ڈاک سہولیات کے قیام جیسے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ قازق وفد نے پاکستان کے بحری شعبے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینے پر آمادگی ظاہر کی۔
بات چیت میں پاکستان اور وسطی ایشیائی ممالک خصوصاً قازقستان کے درمیان سڑک، ریل اور فضائی رابطوں کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا تاکہ علاقائی تجارت کو فروغ دیا جا سکے۔ قازق وفد نے پاکستان کی اقتصادی اور بحری پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے طویل المدتی سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی۔