30°C Sunny

بلوچستان میں ایڈونچر اسپورٹس کے فروغ کیلئے پالیسی فریم ورک تیار

بلوچستان حکومت نے صوبے میں ایڈونچر اسپورٹس کے فروغ کے لیے ایک جامع، پائیدار اور عملی پالیسی فریم ورک تیار کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے جس کا مقصد کوہ پیمائی، ہائیکنگ، اسپورٹس کلائمبنگ، واٹر اسپورٹس اور ایڈونچر ٹورازم کو فروغ دینا ہے۔

یہ بات محکمہ سیاحت بلوچستان کے زیر اہتمام کوئٹہ میں منعقدہ دو روزہ کانفرنس میں سامنے آئی جس کی سرپرستی پارلیمانی سیکرٹری برائے سیاحت و ثقافت نوابزادہ زارین خان مگسی نے کی۔ کانفرنس میں ماہرین، کھلاڑیوں اور مختلف اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر الپائن کلب آف پاکستان کے صدر عرفان ارشد خان اور سینئر نائب صدر شہزادہ حیات اللہ خان درانی نے بھی خطاب کیا اور بلوچستان میں ایڈونچر اسپورٹس کے وسیع امکانات کو اجاگر کیا۔

مقررین نے کہا کہ صوبے کے پہاڑی علاقے، قدرتی مناظر اور آبی وسائل اسے ایڈونچر اسپورٹس کے لیے انتہائی موزوں بناتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کھلاڑیوں کو بہتر سہولیات، جدید تربیتی پروگراموں اور ادارہ جاتی سپورٹ فراہم کرنا ضروری ہے تاکہ بین الاقوامی معیار حاصل کیا جا سکے۔

پالیسی فریم ورک کے تحت کوہ پیماؤں، ہائیکرز اور واٹر اسپورٹس ایتھلیٹس کے لیے تربیت، انفراسٹرکچر اور سہولیات میں بہتری لانے کی تجاویز شامل کی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد نہ صرف کھیلوں کو فروغ دینا ہے بلکہ سیاحت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا بھی ہے تاکہ بلوچستان کی معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔