ترکیہ نے پاکستان کے بجلی کے شعبے کی نجکاری اور توانائی اصلاحات میں بھرپور تعاون کا اعلان کرتے ہوئے تین اہم تعاوناتی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں، جن کے تحت بجلی کی ترسیلی نظام، تقسیم، مارکیٹ آپریشنز، ڈیجیٹلائزیشن اور استعداد کار میں بہتری کے لیے تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتار نے پاکستانی حکام، سرمایہ کاروں اور توانائی شعبے کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کے بجلی شعبے کی نجکاری کے حساس عمل میں اپنے 23 سالہ تجربے کی روشنی میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ اپنے کامیاب اصلاحاتی ماڈل اور تکنیکی مہارت پاکستان کے ساتھ مکمل طور پر شیئر کرے گا۔
اس سے قبل ترک وزیر توانائی نے وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی اور وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے ملاقات کی، جس میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام، قومی گرڈ میں توانائی کے انضمام، بجلی مارکیٹ کے ضابطہ کار اور مستقبل کے تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان تین معاہدوں پر دستخط کیے گئے، جن میں بجلی کی تقسیم کے نظام کی نگرانی اور تربیت، ٹرانسمیشن سسٹم آپریشنز اور استعداد کار میں اضافہ، جبکہ بجلی کی مارکیٹ کی ترقی اور ڈیجیٹلائزیشن کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔ دونوں ممالک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ توانائی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری، شراکت داری اور تکنیکی تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔