30°C Sunny

بلوچستان: گورنر نے گریجویٹس کو جرات، عزم اور ماحول کے تحفظ کا پیغام دیا

گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے کہا ہے کہ دنیا کو ایسے نوجوانوں کی ضرورت ہے جو علم، جذبے اور عمل کے ساتھ آگے بڑھیں اور معاشرے میں مثبت تبدیلی لائیں۔

انہوں نے یہ بات بلوچستان یونیورسٹی کی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو یورپی یونین کے تعاون سے منعقد ہوئی تھی۔ تقریب میں صوبائی وزراء، اراکین اسمبلی، اعلیٰ سرکاری حکام اور مختلف محکموں کے تربیتی افسران نے شرکت کی۔

گورنر نے کہا کہ بلوچستان جیسے وسیع صوبے میں پانی کے بہتر انتظام اور نئے ڈیموں کی تعمیر کے لیے وفاقی حکومت کو زیادہ فنڈز فراہم کرنے چاہئیں تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کم کیے جا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ انسان اور فطرت کے درمیان گہرا تعلق ہے، اور نوجوانوں کو ماحول کے تحفظ اور ماحولیاتی نظام کی بحالی میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

گورنر نے کہا کہ گریجویٹس نے تربیتی پروگرام کے دوران سائنسی سوچ اور جدید طریقہ کار سیکھا ہے، جس کے بعد اب ان پر قومی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ماحول کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پائیدار ترقی، ماحولیات کا تحفظ اور آنے والی نسلوں کے لیے بہتر مستقبل یقینی بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

آخر میں گورنر نے کامیاب گریجویشن تقریب کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور شرکاء میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔