کوئٹہ/ڈیرہ مراد جمالی: بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور سیلابی ریلوں نے شدید تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں 7 افراد جاں بحق، 4 زخمی جبکہ سینکڑوں گھر، مویشی اور فصلیں تباہ ہو گئیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ہرنائی، کوہلو، تربت، جعفرآباد، لورالائی، کچھی، نصیرآباد، جھل مگسی، ڈیرہ بگٹی، سبی اور بولان سمیت متعدد اضلاع شدید متاثر ہوئے۔ کچھی کے علاقے میں بند ٹوٹنے سے 100 سے زائد مکانات منہدم، 50 سے زائد مویشی ہلاک اور تقریباً 400 ایکڑ زرعی اراضی زیر آب آ گئی۔
مختلف واقعات میں لورالائی اور کچھی میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوئے، کوہلو میں چھت گرنے، لورالائی میں دیوار گرنے، جعفرآباد میں ایک بچے کے ڈوبنے اور کیچ میں دو افراد سیلابی ریلے میں بہہ جانے سے اموات ہوئیں۔
شدید بارشوں سے اہم شاہراہیں بھی متاثر ہوئیں، ہرنائی-کوئٹہ اور کوئٹہ-سنجاوی قومی شاہراہوں کے کچھ حصے بہہ گئے جبکہ اندرونی سڑکیں بند ہو گئیں، جس سے سندھ اور بلوچستان کے درمیان زمینی رابطہ متاثر ہوا۔
ریسکیو ادارے اور ضلعی انتظامیہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو نکالنے اور بندوں کی مرمت کا کام جاری ہے۔ حکام کے مطابق ہزاروں مویشی ہلاک اور گندم، چنے اور سرسوں کی فصلوں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔