سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کیچ اسپرنگ فیسٹیول کو علاقے کی فکری، ادبی اور ثقافتی ترقی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ایونٹس سماجی ہم آہنگی اور نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ وہ تربت میں میر عیسیٰ نیشنل پارک میں منعقدہ “جشن بہاراں کیچ فیسٹیول 2026” کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس کا باضابطہ آغاز ڈپٹی کمشنر کیچ یاسر اقبال دشتی نے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے تحت کیا۔
ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ تقریب میں سیاسی نمائندوں، سرکاری افسران، طلبہ اور سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت خوش آئند ہے، جبکہ خواتین کی فعال شمولیت کو انہوں نے سماجی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ ان کے مطابق کسی بھی معاشرے کی ترقی خواتین کی شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیمتوں کے کنٹرول اور عوامی فلاح کے اقدامات مثبت پیش رفت ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ترقیاتی حکمت عملی صرف انفراسٹرکچر تک محدود نہ رہے بلکہ انسانی وسائل کی ترقی پر بھی توجہ دی جائے تاکہ نوجوانوں کو ہنر، مواقع اور مثبت سرگرمیوں کے لیے پلیٹ فارم فراہم کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر یاسر اقبال دشتی نے کہا کہ یہ فیسٹیول ایک ترقی یافتہ اور باشعور معاشرے کے مشترکہ وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھیل، ثقافت، ماحولیات اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکتا ہے، جس سے سماجی دباؤ میں کمی اور کمیونٹی استحکام میں اضافہ ہوتا ہے۔ تقریب میں سینیٹر جان محمد بلوچ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل، میئر تربت اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران شجرکاری مہم کا آغاز بھی کیا گیا جبکہ پھولوں کی نمائش، کتابوں، دستکاری اور کھانے کے اسٹالز بھی لگائے گئے۔ فیسٹیول 2 مئی تک جاری رہے گا جس میں کھیل، ثقافتی پروگرام، مشاعرہ اور دیگر سرگرمیاں شامل ہوں گی۔