اسلام آباد: کویت نے پاکستان کو ایندھن کی مسلسل فراہمی کیلئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو ڈیزل اور جیٹ فیول کی ترسیل میں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔
یہ یقین دہانی وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور کویتی حکام کے درمیان ہونے والے اہم اجلاس میں کرائی گئی، جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور خطے کی بدلتی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس میں کویت پٹرولیم کارپوریشن نے عندیہ دیا کہ خلیجی کشیدگی اور آبنائے ہرمز میں شپنگ مسائل کے باوجود پاکستانی جہازوں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولت دی جائے گی تاکہ ایندھن کی فراہمی متاثر نہ ہو۔
وفاقی وزیر نے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے میں کویت کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پانچ دہائیوں پر محیط توانائی تعاون مزید مستحکم ہو رہا ہے، جس میں ڈیزل کی درآمد کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اس پیش رفت سے خطے میں غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان کی توانائی سپلائی کو استحکام ملے گا اور دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔